کوئٹہ: جمعیت علما اسلام بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر اوربلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے مہنگائی اور بیروزگاری کے طوفان نے تباہی مچا دی ہے نا اہل اور سلیکٹڈ حکومت نے اپنے تمام تر دعوں سے یوٹرن لیتے ہوئے ملک کو بحرانوں کا شکار کردیا ہے حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آج ملک کے تمام ادارے بیٹھ چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علما اسلام نجم المدارس یونٹ کلی چلتن رئیسانی کے امیر مولانا محمد طاہر تو حیدی، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ظفر اللہ جتک اور ظہور احمد جتک کے ہمراہ کلی خزان میں مولوی سفر خان عبدالقدوس اور مولانا حافظ فضل الرحمن کی والد حاجی عالم گل کے وفات پر تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ معیشت تباہ حال ہے۔
حکومت نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کے علاوہ کچھ نہیں دیاجبکہ موجودہ حکومت کاکام صرف اور صرف اپوزیشن کی آواز دبانا رہ گیا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کا احساس محرومی کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ رہا ہے جسکے منفی اثرات پورے ملک پر پڑیں گے اگر وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک و صوبہ چلانے سے قاصر ہیں تو وہ مستعفی ہوکر گھرچلی جائے لیکن ملک اور صوبے کے ساتھ کئے جانے والے نت نئے تجربات سے صورتحال بہتر ہونے کی بجائے مزید خراب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اب صوبائی حکومت عوام کے مسائل میں اضافے کا سب سے بڑا سبب ہے صوبے کے نااہل حکمران اقتدار کے نشے میں دھت ہوکر عوام کا معاشی قتل کررہے ہیں تاجروں اور کاروباری افراد کی چیخیں آسمان کو پہنچ رہی ہیں مگر نااہل وفاقی وصوبائی حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام عوام کے حقوق کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔