|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2020

کوئٹہ: سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے بلوچستان کے ضلع کچھی، بولان کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی اور قومی اسمبلیوں میں نمائندگی ہونے کے باوجود یہاں کے لوگ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ محرومیوں کے ازالہ کیلئے ایک بڑا اتحاد تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔

اور عوام و قبائلی، سیاسی عمائدین کی جانب سے بھی اس اتحاد کو پذیرائی مل رہی ہے جو کہ خوش آئندہ بات ہے،ہم اپنے علاقے اور عوام کو اس اتحاد کے پلیٹ فارم سے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دشت جلوگندان میں سردارزادہ حاجی محمود خان کرد کی رہائش گاہ پر منعقدہ گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جرگہ میں سردار لیاقت علی کرد،سردار شیرباز خان ساتکزئی،سردارزادہ میر حیات خان ساتکزئی،سید نصیر شاہ دوپاسی،سید سکندر شاہ دوپاسی،سردارزادہ رامین جان بنگلزئی،حاجی میر سرفراز بنگلزئی،سردارزادہ حسین جان بنگلزئی،سردار زادہ چنگیز کرد،حاجی میر صلاح الدین کرد،سردارزادہ میر امداد کرد،میر محی الدین کرد،شہزاد عنقا بلوچ،میر طاہر لہڑی،عبداللہ کرد سمیت دیگر قبائلی عمائدین اور معتبرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی جرگے میں سردار روح اللہ خلجی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی جرگے میں ضلع مستونگ،کچھی،بولان کے عوام کی حقوق کیلئے مشترکہ پلیٹ فارم پر جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار کمال خان بنگلزئی،سردار لیاقت علی کرد،سردار شیرباز خان ساتکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے ضلع کچھی اور بولان کے قبائلی و سیاسی عمائدین کو ایک پلیٹ فارم پر متحدہ کرکے علاقے کے مسائل حل کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ کچھی اور بولان میں عوام کو درپیش مسائل کیلئے یہاں کو لوگوں قبائلی و سیاسی عمائدین کوایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کی سوچ کو عملی جامعہ پہنانے کا وقت ا گیا ہے۔

جس کا باقاعدہ اعلان جلد کردیا جائیگا اس اتحاد میں علاقے کے دیگر قبائلی وسیاسی عمائدین بھی رابطے میں ہیں اور آئندہ اجلاس میں ان کی شرکت سے اس اتحاد کو مزید تقویت ملی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے کچھی اور بولان کی صوبائی اور قومی اسمبلیوں میں نمائندگی ہونے کے باوجود یہاں کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

تاہم اس کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے حلقہ کے سردار، قبائلی معبرین، سیاسی عمائدین کارکنوں سمیت تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو متحدہ ہوکر مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کے لوگوں کے دیرینہ مسائل حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل ڈھاڈر میں سید نصیر شاہ دوپاسی کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں طے کیا جائیگا جس کے بعد کچھی بولان،مستونگ اضلاع کے دورے کرکے عوام سے رابطہ کاری اور انکے حقوق کیلئے جدوجہد کی جائیگی۔`