|

وقتِ اشاعت :   November 1 – 2020

پشین: بلوچستان اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ دہشتگردی کی کھل کر مخالفت اور عدم تشدد کے فلسفے پر عمل پیرا ہوکر ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کی بات کی ہے۔

ریاست اور حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی پریس سیکرٹری اسد خان اچکزئی کی بحفاظت بازیابی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے ہوئے واقعے میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا ہاؤس پشین میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مرکزی کمیٹی ممبر عبیدا للہ عابد،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری سردار رشید ناصر،ضلعی صدر عبدالباری کاکڑ،ضلعی صدر قلعہ عبداللہ خان محمد کاکڑ بھی انکے ہمراہ تھے۔ اصغر خان اچکزئی نے وفاقی وزیر داخلہ کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان سے لیکر تاحال دہشتگردی کی وجہ سے پشتون بلوچ اور سندھی غیر محفوظ ہیں خاص کر گزشتہ پندرہ بر سوں سے دہشتگردی کی جو لہڑ چل پڑی ہے۔

اس میں سیکورٹی فورسز کے بعد اولسی اور سیاسی طور پر سب سے زیادہ قربانیاں عوامی نیشنل پارٹی نے دی ہے لیکن وزیر داخلہ کا بیان سے جو تاثر دیا گیا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس لئے ٹارگٹ تھی کہ وہ ایک نظریاتی اور فکری جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی،عدلیہ اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے وزیر داخلہ نے اپنے بیان سے پاکستان مسلم لیگ ن کو تنبیہ کیا کہ اگر آپ بھی ایسا بیانیہ اپناہوگے۔

جو آج سے پانچ دس سال پہلے عوامی نیشنل پارٹی کی تھی تو جس طرح اے این پی کو ٹارگٹ کیا گیا تو آپ بھی ٹارگٹ ہوں گے وزیر داخلہ کے اس بیان سے جو تشویش عوامی نیشنل پارٹی میں پھیلی جارہی ہے مستقبل میں اسکے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن سے لیکرقائدین تک کو صرف اس جرم کی پاداشت میں نہیں بخشاگیا کہ انہوں نے ہمیشہ دہشتگردی کیخلاف سینہ تان کر بات کی ایک طرف عوامی نیشنل پارٹی اپنی دھرتی کی خاطر جانیں قربان کررہی ہے۔

دوسری طرف کہا جارہا ہے کہ اے این پی کو دہشتگردی میں نقصان انکے بیانیے کیوجہ سے اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اسٹیبلشمنٹ کو مصنوعی پولیٹیکل ورکرز کا سہارا نہیں لینا چاہئے اور ساتھ ہی ہم ان مصنوعی ٹولوں سے متعلق یہ کہتے ہیں کہ ان اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر بیٹھ کر غیر یقینی صورتحال پیدا نہیں کرنی چاہئے جس سے ہمارے ادارے اور حقیقی پولیٹیکل جماعتیں دست و گریبان ہو، عوامی نیشنل پارٹی موجودہ ملکی صورتحال کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش تمام تر مسائل کا حل پی ڈی ایم کے بیانیے میں ہے موجودہ نااہل اور سلیکٹیڈ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان بین الاقوامی خارجی اور داخلی طور پر تنہا رہ گئے ہیں ہماری معیشت اور سی پیک خطرے میں ہے ملک کو ان نااہل حکمرانوں سے نجات دلائی جائے جب تک پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کے بیانیے کو ترجیح نہیں دی جاتی تب تک مسائل سے چھٹکارا ممکن نہیں پی ڈی ایم کے تین جلسوں سے حکمران بوکھلاہٹ کے شکار ہیں۔

گوجرانوالہ،کراچی اور بلخصوص کوئٹہ کا جلسہ عوامی ریفرنڈم تھا عوام نے ثابت کردیا کہ وہ موجودہ نااہل حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ صاف و شفاف انتخابات کے ذریعے حقیقی اور مستحق جماعت کو اقتدار سونپی جائے ملکی تاریخ میں اے آر ڈی اور پی این اے کے بعد پارلیمنٹ کی بالادستی اور ووٹ کو عزت دو کے سلسلے میں جو تحریک چل پڑی ہے پی ڈی ایم میں شامل پارٹیاں ملک کے عوام کی حقیقی جماعتیں ہیں۔

یہ مصنوعی اور چند مہینوں اور سالوں کی بنی جماعتیں نہیں پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کی تاریخ پڑی ہے پاکستان ڈیموکرٹیک موؤمنٹ کی تحریک ملکی ترقی،خوشحالی اور امن کیلئے بڑا انقلابی قدم ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی فوج اور اداروں کی مخالفت نہیں کی ہم صرف یہ کہتے ہیں کہ وہ سیاست اور حکومت میں مداخلت نہ کریں۔