|

وقتِ اشاعت :   November 1 – 2020

کوئٹہ: زمیندار کسان اتحاد کے مرکزی صدر آغا لعل جان احمد زئی نصیر آباد کے صدر دین محمد بنگلزئی سینئر نائب صدر رانا خان مغیری نے گندم کی بوائی کے موقع پر حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے گندم کے بیج کی عدم فراہمی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بر وقت گندم کے بیج کی فراہمی کو یقینی نہ بنایا گیا تو بوائی کا سیزن گزرنے کی وجہ سے زمینداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز زمینداروں کے وفود سے گفتگو کے دوران کہی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے گرین بیلٹ نصیر آباد اور دیگر علاقوں میں گندم کی بوائی کا سیزن شروع ہوچکا ہے تا حال پنجاب سے آنے والا گندم کا بیج سندھ کے سرحدی علاقے سے بلوچستان لانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے زمینداروں کو شدید مشکلات درپیش آ رہی ہیں صوبائی حکومت اور دیگر ادارے اپنی ذمہ داری کو سنجیدگی سے محسوس کرتے ہوئے۔

بلوچستان کے زمینداروں کو گندم کی بوائی کے لئے بیج کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے ایسا نہ ہو کہ گندم کے بیج کی فراہمی کو ممکن نہ بنایا جائے اور مذکورہ علاقوں میں گندم کی بوائی مقررہ وقت میں یقینی نہ بنائی جاسکے اگر ایسا ہوا تو اس سے بلوچستان میں ایک بار پھر دیگر بحرانوں کی طرح گندم کا بحران بھی شدت اختیار کرجائے گا اور آنے والے سیزن میں بلوچستان میں پھر گندم کا بحران پیدا ہوگا اس لئے حکومت زمینداروں کو فوری طور گندم کی بوائی کے لئے بیج فراہم کرے ایسا نہ ہو کہ زمیندار اپنے مسائل کے حل کے لئے احتجاج کا راستہ اختیار کریں جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔