|

وقتِ اشاعت :   November 9 – 2020

کوئٹہ: صوبائی وزیر خوراک و بہبود آبادی سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ریکارڈ ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے بہت جلد بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔جبکہ ان ترقیاتی منصوبوں سے سیاسی مخالفین بوکھلاہٹ کے شکار ہیں۔اپنے حلقے کی تقدیر بدلنے کے ساتھ ساتھ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملکی اداروں کے خلاف بات کرنے والے ملک کے دشمن ہیں۔ملکی اداروں کے خلاف عوام کو اکسانے کے لیے منفی پروپیگنڈے اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔عوامی پزیرائی کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم خدمت اور ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد اور کوششوں کو جاری رکھیں گے۔

جبکہ جاری ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹریل استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔تاہم علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے حلقے کا دورہ کیا۔اور اس بابت علاقے اور حلقے کے دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔تاکہ موجودہ حکومت پر عوام کی جانب سے قائم اعتماد کو مزید تقویت دیا کیا جا سکے۔

سردار عبد الرحمٰن نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے وزیراعلی جام کمال خان عالیانی کی مخلص قیادت میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے شب وروز کوشاں ہے۔جبکہ عوام کی جانب سے مسترد شدہ قوم پرست اور مذہبی جماعتیں محض تنقید کا سہارا لے رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ این،آر،او حاصل کرنے کے لیے قومی اداروں کو بد نام کرنے والے دشمنوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔جبکہ ان قومی مجرمان کو قوم اچھی طرح پہچان گئی ہے۔