کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے سینیٹر میر خالد خان بزنجو کی قیادت میں خضدار کے نمائندہ وفد نے یہاں ملاقات کی، بی اے پی کے رہنما آغا شکیل احمد درانی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے،وفدنے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے وفد کومسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
اور اس بات کا بخوبی ادراک رکھتی ہے کہ یہ دونوں شعبے اہمیت کے حامل ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت تمام اضلاع کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے اور صوبے کے تمام اضلاع میں تعلیم، صحت اور کھیل سمیت دیگر تمام شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
جس کے ثمرات سے عوام مستفید ہوسکیں گے اور مجموعی طور پر صوبہ خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے گا۔ ملاقات کے دوران خضدار میں بلوچستان عوامی پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو منظم بنانے، تنظیم سازی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔