کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ دو سالوں کے دوران مہنگائی کی شرح میں ہوش ربا اضافہ مسلم لیگ(ن) کے موقف کی تائید ہے کہ موجودہ نااہل اور عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہے آٹے،چینی،دالوں سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کا جینا محال کردیا ہے مسلم لیگ(ن) کے دور میں ترقی کی شرح 5فیصد تھی جو آج کم ہوکر منفی میں چلی گئی ہے۔
جبکہ مہنگائی میں 10فیصد اضافہ عوام دشمنی ہے، یہ بات انہوں نے یہاں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ دوسالوں کے دوران حکومت نے ہوش ربا مہنگائی کر کے عوام کو نان شبینہ کا محتاج کردیا ہے ملکی معشیت تباہ حالی کا شکار ہے ایسی صورتحال میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے آٹے،چینی،دالوں، گھی سمیت روز مرہ استعمال کی اشیاء میں اضافہ اس بات کی دلیل ہے کہ موجودہ حکومت عوام دشمن ہے۔
جسے عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں حکومت صرف اور صرف اپنے مفادات کا تحفظ کرنے میں مصروف عمل ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا 2018میں ملکی ترقی کی شرح 5فیصد سے زائد تھی جو دوسالوں کے دوران منفی ہوگئی ہے۔
مہنگائی 10فیصد سے بھی زیادہ ہونا عوام کا معاشی قتل اور انہیں بھوک و اندھیروں کے دلدل میں پھینکنے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو جلد ہی حکومت کے خاتمے اور عوامی ووٹوں سے منتخب مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی خوش خبری ملے گی جس کے بعد ملک ترقی کی راہ پر ایک بار پھر گامزن ہوگا۔