|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2020

کوئٹہ: اوستہ محمد سے کوئٹہ تک پیدل لانگ مارچ کے شرکاء نے متنبہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اوستہ محمد اور گنداخہ کے عوام کے تمام بنیادی وآئینی حقوق پر مشتمل مطالبات تسلیم نہ کئے تو 3دن بعد تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی، تام مرگ بھوک ہڑتال کے دوران شرکاء میں سے کسی کو بھی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار وفاقی و صوبائی حکومتیں ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار اوستہ محمد گنداخہ کو بنیادی حقوق دو تحریک کے سردہ محمد صدیق عمرانی، عادل جمالی، احسان اللہ، بخش علی لغای، ذوالفقار ابڑو ودیگر نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2013سے اب تک اوستہ محمد اور گنداخہ کے لئے اربوں روپے کے فنڈز منظور ہوچکے ہیں مگر زمین پر کوئی بھی منصوبہ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

شہر میں جگہ جگہ تجاوزات قائم کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے اس کے ساتھ ہی 21صدی میں بھی اوستہ محمد کے شہری تعلیم اور صحت سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے اوستہ محمد کو آبادی کی بنیاد پر ضلع کا درجہ دینے، وہاں یونیورسٹی اور ڈگری کالج کا قیام، گرلز کالج کے لئے عمارت کی تعمیر، این اے 65کو دورویہ، کھیر تھیر کینال میں سیاسی مداخلت بند کرکے اسے سیکورٹی فورسز کے حوالے کرنے، 2013سے 2020تک اوستہ محمد، گنداخہ و دیگر کے لئے منظور ہونے والے فنڈز کی مبینہ خورد برد کی نیب و دیگر تحقیقاتی اداروں سے تحقیقات کراکر۔

کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرنے، اوستہ محمد ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ادویات کے کوٹہ کو 2لاکھ سے 15لاکھ کرنے، ضلع میں سول ہسپتال بنانے، 15سال سے بند ریلوے سروس دوبارہ بحال کرنے، بجلی کی 20گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے، گیس کی فراہمی ودیگر پر مشتمل 15مطالبات پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان مطالبات کے حل کے لئے 29 اکتوبر کو اوستہ محمد سے پیدل کوئٹہ کے لئے نکلے اور 3سو 50کلو میٹر کا فاصلہ 12دن میں طے کرکے کوئٹہ پہنچے ہیں۔

اور آج کوئٹہ میں احتجاجی کیمپ لگادیا ہے اگر 3دن میں اوستہ محمد اور گنداخہ کو تمام بنیادی آئینی حقوق دلانے کے لئے حکومت کی جانب سے اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو وہ تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کرنے پر مجبور ہوں گے اگر اس دوران شرکاء میں سے کسی کو کچھ ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومتوں پر عائد ہوگی۔