کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرتشکیل دی جانے والی ٹائیگر فورس نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے کا سلسلہ شروع کردیا ہے، تاجران نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتیں چیک کرنا کسی فورس کا نہیں بلکہ ضلعی انتظامیہ کا کام ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی جانے والی ٹائیگر فورس نے کوئٹہ میں بھی اشیائے خورد ونوش ودیگر کی قیمتوں کا جائزہ لینا شروع کردیا۔
اور مختلف دکانوں کے تصاویر لے کر ان کی تصویریں وزیراعظم پورٹل سیل پر شیئر کردیئے دوسری جانب تاجران نے ٹائیگر فورس کی جانب سے قیمتوں کا جائزہ لینے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قیمتوں کا جائزہ اور تعین کرنا کسی فورس کاکام نہیں بلکہ یہ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، کسی فورس کی جانب سے ایسا کرنا نہ صرف انتظامیہ کے کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے بلکہ قانون کی بھی خلاف ورزی ہے۔
تاہم ٹائیگر فورس میں شامل نوجوانوں کے مطابق ان کا کام کسی کے خلاف کارروائی کرنا نہیں بلکہ وہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر صرف قیمتوں کا جائزہ لے کر خلاف ورزی اور نرخنامہ نہ ہونے پر تصاویر لے کر شکایت پورٹل سیل پر شیئر کردیتے ہیں جس کے خلاف کارروائی انتظامیہ ہی کرے گی۔