|

وقتِ اشاعت :   November 14 – 2020

تربت: پاکستان تحریک انصاف مکران کے صدر وارث دشتی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ تربت کو مکمل کامیاب اور عوامی امنگوں کا ترجمان کہتے ہوئے اسے ایک تاریخی اور بے مثال دورہ قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعظم نے توقع سے بڑھ کر بلوچستان کے پسماندہ اضلاع کی ترقی کے لیے فنڈ اور اسکیمات کا اعلان کیا جو حوصلہ افزا اور عوام کا دیرینہ خواب تھا۔

انہوں نے کہا کہ تربت یونیورسٹی فیز ٹو کا افتتاح کرنا یہاں کے تعلیمی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا جو پی ٹی آئی کے انتخابی منشور کا اہم ترین حصہ ہے کیوں کہ وزیر اعظم عمران خان کا توجہ سب سے زیادہ نوجوانوں پر ہے اس کے علاوہ وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے بلوچستان کے لیے اسکالر شپ کی تعداد بڑھانے کا اعلان بھی بہت اہم ہے اس سے غریب اور کم وسائل کے حامل طلبہ کو بلوچستان سے باہر پنجاب کے تعلیمی اداروں میں پڑھنے کا بھر پور مواقع میسر آئیں گے جو خوش آئند عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ٹیچنگ ہسپتال تربت کے لیے تین سو بیڈ ہسپتال کا اعلان بھی بے حد اہمیت کا حامل ہے یہ اس علاقے کی بنیادی ضرورت بھی ہے کیوں کہ تعلیم اور صحت کے معاملے میں جنوبی بلوچستان سابقہ حکمرانوں کی کرپشن اور بد عنوانی کے سبب انتہائی پسماندگی کا شکار رہی ہے۔موجودہ وزیر اعظم عمران خان ایک وڑن اور مشن کے ساتھ ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان اور بالخصوص جنوبی بلوچستان پر جو توجہ دے رہے ہیں۔

وہ قابل ستائش اور ہر لحاظ سے تعریف کے قابل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صحت و تعلیم اور بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی کے لیے الیکشن میں جس منشور کا پرچار کررہی تھی اس پر اب من و عن عمل درآمد کیا جارہا ہے جو پاکستان کی تاریخ میں ایک بے نظیر مثال ہے۔