|

وقتِ اشاعت :   November 17 – 2020

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان سے کرپشن کے خاتمے کے لیے باہمی اقدامات پر اتفاق رائے کے حوالے سے نیب اور چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم بلوچستان کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوگئے، تقریب میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال، چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر اور ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ خان نے شرکت کی،

چئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی منظوری کے بعد صوبے سےکرپشن کے مکمل خاتمے کے لیے قومی احتساب بیورو بلوچستان اور چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم بلوچستان کے مابین مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط ہوگئے ہیں۔

نیب اور سی ایم آئی ٹی کے مابین بدعنوانی کے عفریت کے خلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق رائے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں ہوئی جس میں  وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان   اور ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان فرمان اللہ خان نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر اور چیرمین سی ایم آئی ٹی  سجاد بھٹہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت کی یاداشت کے مطابق نیب بلوچستان اور سی ایم آئی ٹی صوبے سے کرپشن کے تدارک کیلئے ملکر کوششیں کریں گے۔ سی ایم آئی ٹی قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان کا سبب بننے والی ترقیاتی منصوبوں اور سکیموں میں پائی جانے والی بےقاعدگیاں اور غیر قانونی اقدامات نیب کو ریفر کرے گی تاکہ ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات سے زمہ داران کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جاسکے۔

 دونوں اداروں کے فیصلہ ساز حکام کی منظوری سے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے گی جسکے تحت روزانہ کی بنیاد پر کرپشن کی روک تھام کے سلسلے میں معلومات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ تجاویز بھی شئر کی جائیں گی۔ مزید یہ کہ قومی احتساب بیورو بلوچستان اور سی ایم آئی ٹی بدعنوانی کے تدارک کیلئے مختلف سرکاری محکموں کے کرپشن کا سبب بننے والے موجودہ قوانین، رولز اینڈ ریگولیشن کے مطالعے کے بعد اصلاحات کے لیے باہمی اقدامات اٹھائیں گے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر نیب بلوچستان زاہد شیخ اور  چئرمین سی ایم آئی ٹی سجاد بھٹہ نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔