کوئٹہ:ڈی ایچ اے کوئٹہ اور کوئٹہ ہائی لینڈ ریسورٹ کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے، معاہدے کی پُروقار تقریب ڈی ایچ اے آفس میں منعقد ہوئی۔ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کوئٹہ اور کوئٹہ ہائی لینڈ ریسورٹ کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ اے کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹربریگیڈیئر شہزادہ شاہد نوازکا کہنا تھا کہڈی ایچ اے کی کامیابی بلوچستان کی کامیابی ہے، ڈی ایچ اے سے بلوچستان اور یہاں کی عوام کو بہت فائدہ پہنچے گااوریہ خوشحال بلوچستان کے نعرے کی کامیابی کا ثمرثابت ہوگا۔
اب ایک نیاکوئٹہ شہر بننے جارہا ہے جو ترقی کے نئے منازل طے کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح کوئٹہ شہر میں سہولیات کا فقدان اور دیگر مسائل تھے اب ڈی ایچ اے منصوبہ کے ذریعے عوام کو تمام ترسہولیات میسر آئینگی اور یہ ایک نیا شہر بنے گا،ڈی ایچ اے کی کامیابی کاسہرا ان لوگوں پر بھی جاتا ہے جنہوں نے اس اسکیم کیلئے اپنی اراضیاں فراہم کیں اور اس کے ساتھ وہ سرمایہ کار جنہوں نے ڈی ایچ اے منصوبہ پر سرمایہ کاری کی اب اتنی زمینیں ڈی ایچ اے کے پاس ہیں کہ اس میں جتنے بھی ترقیاتی کام مزیدکریں تو اس کیلئے جگہ مزید ڈی ایچ اے کے پاس موجود ہے۔ اب یہاں کے لوگ جس طرح پہلے لاہور،کراچی اور اسلام آباد رہائش کیلئے جاتے تھے مگر یہ منصوبہ گیم چینجر ثابت ہورہا ہے اب یہاں کی عوام دیگر شہروں کا رخ نہیں کرینگے کیونکہ انہیں تمام تر سہولیات ڈی ایچ اے منصوبے میں فراہم کی جائینگی اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خوشحال بلوچستان کے نعرے کی نوید ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ مجھے پورا یقین ہے کہ ڈی ایچ اے اس طرح کامیاب منصوبہ ثابت ہوگاکہ دیگرشہروں سے لوگ یہاں آکر رہائش اختیار کرینگے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرنل (ر) محمدعزت ثقلین کا کہنا تھا کہ ایک سال کی قلیل مدت کے دوران ڈی ایچ اے نے تیزی سے ترقی کی اور آج ہمارے پاس پانچ ہزار ایکڑ اراضی زمین موجود ہے جس میں عوام کا تعاون خاص کر شامل ہے، انہوں نے کہاکہ کسی بھی منصوبہ کی کامیابی کیلئے ان کی پالیسیاں اہمیت رکھتی ہیں اور جن سہولیات کے وعدے کئے جاتے ہیں انہیں پورا کیاجاتا ہے الحمداللہ ڈی ایچ اے جس طرح کی پیشکش کے حوالے سے عوام کو ڈی ایچ اے کے متعلق بتارہی ہے اسے عملی طو رپرکرکے بھی دکھارہی ہے اور ڈی ایچ اے کے ذریعے عوام کو وہ تمام تر سہولیات فراہم کی جائینگی جن کا وعدہ کیا گیا ہے اور لوگ دیکھ بھی رہی ہیں کہ ڈی ایچ اے عملاََ طور پر منصوبہ پر بہتر انداز میں کام کررہی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ اے کے ڈائریکٹرمارکیٹنگ بابرخان درانی نے کہاکہ ڈی ایچ اے منصوبہ انتہائی اہم ہے اور یہ منصوبہ آسمان کی بلندیوں کو چھورہی ہے جوکہ اس کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ ڈی ایچ اے کے ساتھ جڑرہے ہیں۔ ڈی ایچ اے کوئٹہ منصوبہ سے زیادہ تر یہاں کے ہی شہری جڑے ہیں جوکہ ہمارے لئے ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ڈی ایچ اے کوئٹہ منصوبہ کے 60فیصد سے زائد ملازمین کا تعلق کوئٹہ شہر سے ہے اس سے اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ سے شہریوں کو ہر قسم کافائدہ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس پروجیکٹ میں پچاس ایکڑزمین مختص کی گئی ہے جس میں 433رہائشی پلاٹ پر کام تیزی سے جاری ہے، رہائشی پلاٹ کا معیار انتہائی بہترین ثابت ہوگا۔کوئٹہ ہائی لینڈ ریسورٹ کے سینیٹر عہدیدار سید رضا حسن کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ کی تکمیل کے بعد یہاں کے شہریوں کو دیگر شہروں میں رہائش اختیار کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔