|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2020

نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) نے پاکستان شاہینز (اے ٹیم) کے دورے میں میچز کا شیڈول فائنل کرلیا۔

پاکستان شاہینز کی ٹیم نیوزی لینڈ میں دو فرسٹ کلاس اور 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، ٹیم نیوزی لینڈ اے کے علاوہ ڈومیسٹک ٹیموں سے بھی میچز کھیلے گی۔

نیوزی لینڈ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان پہلا 4 روزہ فرسٹ کلاس میچ 10 دسمبر سے ہوگا جبکہ دوسرا میچ 17 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔

پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ الیونز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 23 دسمبر، 3 جنوری اور 5 جنوری کو ہوں گے ۔ 

نیوزی لینڈ الیون کیخلاف پہلے میچ کے بعد پاکستان شاہینز نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک ٹیموں سے بھی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، 27 دسمبر کو اس کا مقابلہ ناردرن نائٹس، 29 دسمبر کو ولنگٹن فائربرڈز اور یکم جنوری کو کینٹربری کنگز سے ہوگا۔

پاکستان شاہینز اور پاکستان نیشنل ٹیم کے کھلاڑی پہلے ہی نیوزی لینڈ پہنچ چکے ہیں، پی سی بی نے دورے کیلئے علیحدہ علیحدہ ٹیموں کا اعلان کرنے کی بجائے مشترکہ 35 کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے جو دونوں ٹیموں کیلئے دستیاب ہوں گے تاہم روحیل نذیر کو پاکستان شاہینز کا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔