کراچی: نیشنل پارٹی کی جدوجہد عوام کے حق حاکمیت کی بحالی،آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے ہے۔ ان خیالات کااظہارنیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری مالیات، سابق چیئرمین ضلع کیچ فدا حسین دشتی نے کراچی میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے 53 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر بی ایس او کے مرکزی وائس چیئرمین بوہیرصالح ایڈووکیٹ،مرکزی رہنما ظریف بلوچ،عابرعمراور بی ایس او کے صوبائی ومرکزی عہدیداروں سے سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی،نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدرمخدوم ایوب قریشی،انجینئرحمید بلوچ،اشرف حسین،کامریڈ مول چند اورسندھ وحدت کے جنرل سیکریٹری مجید ساجدی نے خصوصی طورپر یوم تاسیس کی تقریب سے شرکت کی۔
نیشنل پارٹی اوربی ایس او کے رہنماؤں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بی ایس او سیاسی جدوجہد اورطلباء کودرپیش مسائل کواجاگر کرنے اوران کے حل کے لئے جدوجہد کے حوالے سے تاریخی ریکارڈ رکھنے والی طلباء تنظیم ہے،جب بلوچستان میں سیاسی عمل کونیشنل عوامی پارٹی (نیپ) پرپابندی لگاکر روک دیاگیا،نیپ کی قیادت کوپابندسلاسل کردیاگیاتھااوربلوچستان کے عوام کوفوجی آپریشن جیسے مسائل کا سامناتھا۔
تب بی ایس اونے سیاسی طورپر پیدا ہونے والے اس خلاکونہایت جرائت اوردانشمندی کے ساتھ پرکیا اس تنظیم نے بلوچستان میں کام کرنے والی سیاسی جماعتوں کے لئے کمٹڈاور باشعور کیڈرپیدا کیا نہ صرف بلوچستان بلکہ جہاں جہاں بھی بلوچ آباد ہیں یا حصول تعلیم کے لئے جہاں بھی جاتے ہیں وہاں اس تنظیم نے ترقی پسند نظریات،معاشی مساوات، قوموں کے حقوق کے احترام،قوموں کی سرزمین ووسائل پر قوموں کے حق اختیاراورعوام کے حق حاکمیت کا شعور اجاگرکیا۔
بی ایس اونے مشکل ترین حالات میں جمہوری قدروں کی سربلندی، آئین وقانون کی حکمرانی اورپارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے جمہوری تحریکوں کے شانہ بشانہ اپنا کردارادا کیاہے بی ایس او اورنیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہاکہ آج ہمارا ملک ایک پھرمشکل ترین صورت حال سے دوچار ہے ملک میں جمہوریت کے نام پر مکمل طورپر آمریت نافذ ہے اہم ترین فیصلے پارلیمنٹ سے باہر کئے جارہے خارجہ پالیسی تنہاہی کا شکار ہے۔
بدامنی،لاقانونیت،بیروزگاری اورمہنگائی کی وجہ سے عوام مشکلات میں ہیں نااہل حکمرانوں نے کورونا وائرس جیسی خطرناک بیماری کے سامنے عوام کوبے یارومددگارچھوڑدیاہے حکمران کورونا وائرس کوبھی اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لئے استعمال کررہی ہے اس نازک ترین صورت حال میں بی ایس اوکی نومنتخب قیادت پر ذمہ داریوں کا بوجھ پہلے سے بھی زیادہ ہوگیاہے۔
رہنماؤں نے کہا ہمیں یقین ہے کہ نیشنل پارٹی اپنے قائد ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ،جان محمد بلیدی اورپارٹی کے رہبرمیرحاصل بزنجو کے فکروفلسفے اورعوام سے جڑی ہوئی سیاسی جدوجہد کے ذریعے ملک کے عوام کو اس بدترین صورت حال سے نکالنے میں اپنا کرداربھرپور طریقے سے ادا کرے گی۔