|

وقتِ اشاعت :   December 17 – 2020

گوادر: گوادر پورٹ آپریشنل ہونے سے صنعت کاروں اوراہم کاروباری کمپنیز کے نمائندوں نے گوادر کا رخ کرنا شروع کردیا ہے ایل این جی ٹرمینل گیس کمپنی کا دوسرے گیس کمپنیوں کے ساتھ اشتراکی معاہدہ کے ضمن میں چائنہ بزنس سینٹر گوادر پورٹ پر تقریب منعقد ہوئی
تقریب میں ایل این جی ٹرمینل گیس کمپنی کے چیئرمین اقبال زیڈ احمد، ال قاسم گیس ٹرمینل کے چیئرمین سیف اللہ سمیت ملک کے دیگر گیس کمپنیوں کے چیئرمین اور سی ای اوز نے باہمی اشتراک سے بلوچستان اور سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کے صارفین تک گیس پہنچانے کے معاہدے پر دستخط کردیئے.
اس موقع پر کلکٹر پاکستان کسٹم گڈانی ماڈل کلکٹریٹ طاہر قریشی، اور چینی کمپنی کوپک کے ذمہ داران بھی موجود تھے. تقریب سے ایل این جی ٹرمینل گیس کمپنی کے چیئرمین اقبال زیڈ احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بلوچستان کے عوام کیلیئے ایک تاریخی دن ہے،
اب ایل این جی ٹرمینل گیس کمپنی دوسرے گیس کمپنیوں کے اشتراک سے صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی گیس کی سہولیات مہیا کرنے جارہی ہے جہاں پر پہلے گیس کی سہولت مہیا نہیں تھی انھوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے شہری اور دیہی علاقوں کے صارفین کو سستے نرخوں پر گیس فراہم کرنے کا معاہدہ ہوگیا ہے جس سے صارفین کو ان کے گھر کی دہلیز پرگیس فراہم ہوجائے گا، ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں تک گیس پہنچانے کیلئے مختلف شہروں میں گیس اسٹاک اسٹیشن قائم کئے جائیں گے
اور اسٹاک کی فراہمی کیلیئے گوادر پورٹ پر ہر ہفتے گیس سے بھرے کارگو شپ لنگر انداز ہوں گے جہاں سے گیس کو بذریعہ سڑک مختلف اسٹیشنوں تک پہنچایا جائے گا. تقریب سے چینی کمپنی کوپک کے نمائندے نے اپنے خطاب میں گیس کمپنیوں کی اشتراکی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدہ سے نا صرف بلوچستان کے عوام کو فائدہ پہنچے گی بلکہ گیس کمپنیوں کی سروس سے پاک چائینہ اکنامک کوریڈور کے مغربی روٹ کے ساتھ ساتھ باقی روٹس بھی فعال ہونگے
جوکہ سی پیک کا ایک بنیادی عنصر ہے۔تقریب سے کلکٹر کسٹم ڈاکٹر طاہر قریشی نے بھی خطاب کیا. ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسٹم اور ایف بی آر ہمیشہ کاروباری لوگوں کے ساتھ تعاون کرتی رہی ہے اور تعاون و حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔