|

وقتِ اشاعت :   January 30 – 2015

ژوب۔(اے پی پی ) گوادر تا کاشغر روٹ کی تبدیلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ روٹ کی تبدیلی پر قوم پرستوں کی خاموشی افسوس ناک اور تعجب خیز ہے ۔دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں ۔ان خیالات کا اظہارجمعرات کے روز جے یو آئی ( ٖف) کے رہنما وبلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے ژوب میں مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر رکن بلوچستان اسمبلی مفتی گلاب خان، مولوی غلام محمد، مولوی نافع، مولوی شمس الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں انہوں نے جامع مسجد ملٹری کے پیش امام مولوی احمد شاہ کی وفات پر ان کے بڑے صاحبزادے مولانا عبداللہ شاہ اسلامک رائٹر فورم پاکستان کے مرکزی صدر سید احسان اللہ شاہ اور دیگر لواحقین سے تعزیت کی اور مرحوم کے دینی و مذہبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ جے یو آئی ( ٖف) کے رہنما وبلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر تا کاشغر روٹ کی تبدیلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ شاہراہ پرامن ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی مختصر شاہراہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اگر ضرورت پڑی تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے سے بھی دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ خود کوپشتونوں کے حقوق کے علمبردار سمجھنے والوں نے اقتدار کی خاطر پر اسرار خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جو قابل مذمت اور باعث افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر تا کاشغر روٹ سے پشتون علاقے ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوں گے۔ اس سلسلے میں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے بھی ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ دینی مدارس کو بری نظر سے دیکھنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، دینی مدارس کی حفاظت اپنا فرض سمجھتے ہیں