تربت: آل پارٹیز کیچ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس، 9 جنوری کو تربت میں قومی کانفرنس کا اعلان، کریمہ بلوچ کے قتل کی مذمت، کنیڈا سے شفاف تحقیقات کے ساتھ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔
آل پارٹیز کیچ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس جمعرات کی شام کنوینر غلام یاسین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں آل پارٹیز کے زیر اہتمام اگلے ماہ قومی کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اور 9 جنوری 2021 کو قومی کانفرنس بعنوان موجودہ حالات اور درپیش چیلنجز کی تاریخ طے کردی گئی۔ اس سلسلے میں 26 سے 30 دسمبر تک ضلع کیچ میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، سماجی اور پروفیشنل اداروں سے رابط کرکے انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینیکا فیصلہ کیا گیا جبکہ کانفرنس میں بطور مبصر آل پارٹیز گوادر اور آل پارٹیز پنجگور کی قیادت کو مدعو کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں بی ایس او آزاد کی سابقہ چیئر پرسن بانک کریمہ بلوچ کی کنیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مبینہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کنیڈا کی حکومت سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرنے کے علاوہ حکومت پاکستان سے یہ مطالبہ کیا گیا ۔
کہ وہ سفارتی سطح پر کنیڈا سے رابطہ کرکے ان کے سامنے مکمل تحقیقات کا مدعا اٹھائے تاکہ سیاسی جماعتیں اور مقتولہ کی فیملی مطمئن رہیں۔ال پارٹیز کیچ کی جانب سے بروز جمعہ کو بلوچ یکجہتی کمیٹی کی طرف سے تربت میں کریمہ بلوچ کے لیے نکالی جانے والی ریلی کی مکمل حمایت اور اس میں شریک ہونے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔