گوادر: پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے گوادر پورٹ چائینہ بزنس سینٹر میں چائینہ پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ فیز 2 کے آگاہی مہم کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا۔
سیمینار میں پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ریاض احمد شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر فہد رضا سمیت چمبر آف کامرس گوادر کے اراکین اور گوادر پورٹ کے افسران نے شرکت کی۔
سیمینار میں پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ریاض احمد شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے وڑن کے مطابق پاکستانی مصنوعات کی برامدات کو بڑھانے کیلئے دوست ملک چائینہ کے ساتھ فری ٹریڈ فیز 2 کا معاہدہ سال رواں کے جنوری سے نافز العمل ہے جس کے تحت 313 پاکستانی مصنوعات چائینہ میں ٹکس سے مستشنی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خصوصا گوادر کے تاجر برادری اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنے علاقے کی پیداوار کو چائینہ میں بغیر کسی ٹکس برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ کما سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ گوادر کے سمندر میں اعلی درجے کی مچھلیاں پائی جاتی ہیں جس کو برآمد کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں، انھوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان مصنوعات دوسرے ممالک سے درآمد کرتا تھا لیکن آج الحمداللہ پاکستان اپنی مختلف مصنوعات چائینہ سمیت دیگر ممالک میں برامد کر رہا ہے۔ سیمینار سے چمبر آف کامرس گوادر کے سابق صدر حاجی غلام محمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔