کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی سربراہی میں گزشتہ روز بلوچستان عوامی پارٹی کے وفاقی و صوبائی وزراء سینیٹرز، اراکین صوبائی اسمبلی اور سینئر عہدیداران کا سینٹ سیٹ،ضلع پشین کی صوبائی اسمبلی کی سیٹ اور آئندہ آنے والے سینٹ انتخابات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے ممبرز کی جانب سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہم نے پاکستان تحریک انصاف کے سب ممبرز کو نمائندگی دی ہے لیکن اس کے برعکس وفاق اور خیبر پختونخوا کابینہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔
جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی ایک اچھی تعداد میں سینٹ،قومی اسمبلی اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو سپورٹ کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی کو بھی اسی انداز سے بی اے پی کو وفاق اور خیبر پختونخوا کابینہ میں نمائندگی دینی چاہیے۔ ہمیں وفاق میں ایک ایسا محکمہ دیا گیا ہے جس سے عوامی مسائل حل نہیں ہوتے۔