کوئٹہ ،وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ ، صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، کمانڈر 33ڈویژن میجر جنرل اظہر نوید حیات خان، کمانڈر 41ڈویژن میجر جنرل آفتاب خان، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، سیکریٹری داخلہ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، پانچ گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں صوبے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمداور اس کی کامیابی کا بھی بھرپور عزم کیا گیا اور وفاقی حکومت کی جانب سے تمام احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں صوبہ میں مذہبی ہم آہنگی بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔