|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2020

ڈھاڈر: ڈھاڈر میں سوئی گیس بحرانی کیفیت کے خلاف شہری سراپا احتجاج،شٹر ڈاؤن احتجاجی مظاہرہ سوئی گیس حکام اپنا قبلہ درست کریں ڈھاڈر کے عوام کے ساتھ نارواسلوک ہرگز قبول نہیں کرینگے۔

پندرہ دن کا الٹی میٹم مسئلہ حل نہیں ہوا تو دمادم مست قلندر ہوگابابر خان خجک،عبد الحئی گولہ،مولانا احمد خان ،محمد عارف بنگلزئی،حبیب جاموٹ ،وحید بنگلزئی،مہاراج سندیپ کمارسمیت دیگررہنماؤں کا خطاب تفصیلات کے مطابق تحریک جوانان پاکستان بلوچستان کے صوبائی ترجمان بابر خان خجک کی قیادت میں ڈھاڈر میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ،کم پریشر اور ابتربحرانی صورتحال کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے ریلی ٹی جے پی کچھی کے ضلعی دفتر سے نکالی گئی اس موقع پر رند علی شاہی چوک ڈھاڈر میںتمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز بند کرکے شٹر ڈاؤن ہڑتال کیا گیا۔

ریلی میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والو ں کی کثیر تعداد شامل تھے ریلی کے شرکاء گیس انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے ڈھاڈر پریس کلب پہنچے اسموقع پر مظاہرین سے تحریک جوانان پاکستان بلوچستان کے صوبائی ترجمان بابر خان خجک،مولانا احمد خان ،عبد الحئی گولہ،محمد عارف بنگلزئی،عبد الوحید بنگلزئی،حبیب اللہ جاموٹ ،اقلیتی رہنماء مہاراج سندیپ کمار دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈھاڈر میں سوئی گیس انتظامیہ کی ہٹ دھرمی سے جان بوجھ ر عوام کو سوئی گیس کی سہولت فراہم نہیں کی جارہی جبکہ ماہانہ گیس چارچز کے مد میں لاکھوں روپے بغیر میٹر ریڈنگ کے بل صارفین کو تھما دیا جاتا ہے۔

جبکہ سوئی گیس نایاب ہوچکا ہے شہری سوختنی لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں خواتین کو امور خانہ داری اور کھانے پکانے سمیت دیگر روز مرہ معمولات میں مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے سوئی گیس انتظامیہ جان بوجھ کر عوام کو گیس کی سہولت سے محروم کررہی ہے لیکن ڈھاڈر کے عوام کے ساتھ یہ دوہرا معیار ہمیں قبول نہیں مقررین نے کہا کہ گیس انتظامیہ اپنی نااہلی چھپانے کیلئے گیس چوری کا ملبہ عوام پر گرانا چاہتی ہے اگر کہیں پر گیس چوری ہورہی ہے تو انکے خلاف قانونی کاروائی کی جائے پورے شہر کو کیوں گیس فراہم نہیں کیا جاتا عوام نے کیا قصور کیا ہے ۔

کہ گیس بل بھی جمع کرائیں اور انہیں گیس کی اذیت سے بھی دوچار ہونا پڑے انہوں نے کہا کہ شدید سردی میں سوئی گیس حکام عوام کی مشکلات میں اضافہ کررہے ہیں عوام کے ساتھ سوتیلا سلوک ہرگز قبول نہیں کرینگے ڈھاڈر کے جائز حقوق کیلئے پہلے بھی احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے اب بھی کسی قسم کی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور ہر وہ راست اقدام اٹھائیں گے جنکا تعلق براہ راست عوامی مفاد سے منسلک ہوگا انہوں نے احتجاجی ریلی کی توسط سے سوئی گیس ڈھاڈر انتظامیہ کو پندرہ دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوئی گیس غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کو ٹھیک کیا جائے بصورت دیگر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے ہر قسم کے قانونی آپشن کو استعمال کرکے عوام کی حقوق کا دفاع کیا جائیگا اور کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔