|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2021

گوادر: یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے کہاہے کہ گوادرمیں تربت یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام اس ریجن میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے جس سے علاقے کے لوگوں کوبھرپورفائدہ اٹھاناچائیے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادرکیمپس میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں کرونا وائرس کی وجہ سے تعلیمی شعبے میں درپیش چیلنجزاوران کا حل،ا یل ایم ایس اورآن لائن کلاسز سمیت دیگرتعلیمی معا ملات پرغورکیاگیا۔اجلاس میں کیمپس ڈائریکٹراعجاز احمد،انچارج شعبہ کمپیوٹرسائنس محمداکرام،انچارج شعبہ کامرس مجاہدحسین،انچارج شعبہ منیجمنٹ سائنسز عبیدعلی اور انچارج شعبہ ایجوکیشن ماہرہ خان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرنے کہا کہ تعلیم کے بغیرترقی کا خواب پورانہیں ہوسکتا۔

اورگوادریونیورسٹی کاقیام علاقے کے لوگوں کو ترقی کے دوڑمیں شامل کرنے کیلئے اہم کرداراداکرسکتاہے اس لئے گوادریونیورسٹی کے قیام کو جلدحقیقی صورت دینا چائیے تاکہ جدیدتعلیم حاصل کرکے گوادرکے نوجوانوںکو سی پیک کے ترقیاتی منصوبوں کے ڈرائیونگ سیٹ پر بھیٹنے کا موقع مل سکے۔پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرکاکہناتھاکہ گوادرکیمپس کا قیام گوادریونیورسٹی کی جانب پہلاقدم ہے۔

چیلنجزکے باوجود گوادرکیمپس نے مختصرمدت میں بہت ترقی کی ہے اور اسکا شمار صوبہ اور ملک کی بہترین کیمپسزمیں ہوتاہے جو کیمپس انتظامیہ،فیکلٹی ممبران،طالب علم اور علاقے کی لوگوں کی ان تھک کوشش اور تعلیم دوستی کا ثبوت ہے۔ وائس چانسلرنے کہا کہ گوادرکیمپس کے مسائل کو حل کرنے اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔

ان کا کہناتھاکہ کیمپس میں تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کومزیدوسعت دینے کے علاوہ اساتذہ اور طالب علموں کو جدیدترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوششیں جاری ہیں جس کے لئے ہمیں چانسلروگورنربلوچستان، ایچ ای سی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی سرپرستی اوربھرپورتعاون حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پرعزم ہیںکہ گوادرکیمپس میں طریقہ تدریس میںجدت پر سمجھوتہ نہ کیاجائے۔

اورمعیارکوہرصورت برقراررکھاجائے جس کے لئے کیمپس ا نتظامیہ اورفیکلٹی ممبران کی کاوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر لیب اور لائبریری کوجدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔وائس چانسلر نے اجلاس کے شرکاء کو سال نو کی مبارکباددیتے ہوئے امیدظاہرکی کہ نیاسال تعلیم کے لئے بہتر سال ثابت ہوگا۔