|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2021

تربت : ڈیزل بردار گاڑی مالکان کے وفد نے ایرانی تیل کی ترسیل پر بندش کے خلاف بدھ کو آل پارٹیز کیچ کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد نے ایرانی بارڈر سے تیل کی ترسیل پر وفاقی حکومت کی طرف پابندی کے خلاف یہاں لوگوں کو درپیش معاشی مشکلات اور بے روزگاری کے بعد ہونے والی صورتحال پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تیل بردار گاڑی مالکان نے حکومتی احکامات کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔

جس میں آل پارٹیز کیچ کے حمایت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر آل پارٹیز کیچ کے کنوینر غلام یاسین بلوچ نے کہا کہ ایرانی تیل کی ترسیل پر بندش مکران کے لوگوں کا معاشی قتل ہے جسے کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے، دنیا بھر کے تمام ممالک بارڈر ٹریڈ کو قبول کرتے ہیں لیکن ہمارے معاملہ بالکل الٹ ہے، ایرانی تیل کی وجہ سے مکران سمیت پورا بلوچستان بلکہ پاکستان کے دوسرے حصوں کے لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔

جس میں زرمبادلہ کی بچت بھی ہورہی ہے لیکن نااہل اور نالائق حکومت بغیر منصوبہ بندی فیصلہ کرکے نا صرف لوگوں کو معاشی زوال کی جانب دھکیل رہی بلکہ ملک کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کیچ اس اہم مسلے پر تیل بردار گاڈی مالکان کے ساتھ ہے۔ اس دوران انجمن تاجران کے صدر اسحاق روشن دشتی، آل پارٹیز کے ممبر بی این پی عوامی کے ضلعی صدر کامریڈ ظریف ذدگ اور مرکزی اہل حدیث کے رہنما یلان زامرانی بھی موجود تھے۔

علاؤہ ازیں ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر کیچ میجر محمد الیاس کبزئی سے ان کے دفتر جاکر ملاقات کی اور اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما انجنیئر حمید بلوچ، سابق ضلعی صدر محمد طاہر بلوچ، بی ایس او پجار کے سابق چیئرمین گہرام اسلم، بی این پی عوامی کے ضلعی صدر کامریڈ ظریف ذدگ، اہل حدیث کے رہنما یلان زامرانی اور انجمن تاجران کے صدر اسحاق روشن دشتی کے علاؤہ گاڈی مالکان کی نمائندگی غلام جان بلوچ اور ثناء￿ سالم بلوچ نے کی۔

اس موقع پر انجمن تاجران کے صدر اسحاق روشن دشتی نے ڈپٹی کمشنر کیچ کو بریف کیا۔ ڈی سی کیچ نے کہا کہ ایرانی تیل کی ترسیل پر بندش کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا ہے اس معاملے پر ضلعی انتظامیہ کچھ نہیں کرسکتی ہمیں اس پر نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے۔ انہوں کہا کہ احتجاج کسی مسلے کا مستقل حل نہیں اس معاملے پر حکام کو آگاہ کریں گے جس کے بعد صورت حال واضح ہوگی۔