کوئٹہ: سانحہ مچھ میں جاں بحق کان کنوں کی تدفین کے بعد وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچے وزیراعظم عمران خان نور خان ایئربیس سے خصوصی طیارے سے کوئٹہ پہنچے۔ وزیرداخلہ شیخ رشید بھی ان کے ہمراہ ہیں۔عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید، صوبائی وزرا، آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے علیحدہ ملاقات کی اور سانحہ مچھ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم دھرنا متاثرین سے ملاقات کریں گے اور انہیں سانحے کے قاتلوں کو پکڑنے کی حکومتی کوششوں سے آگاہ کریں گے اور متاثرین کے لیے مالی پیکیج کا بھی اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزرا علی زیدی، زلفی بخاری، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، بلوچستان کے وزیراعظم جام کمال خان پر مشتمل وفد نے ہزارہ برادری سے ملاقات کی اور دھرنا ختم کرنے کےلیے کامیاب مذاکرات کیے تھے۔