|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2021

کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے70رہنمائوں نے سینیٹ کی 12نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے لئے درخواستیں پارٹی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیں، درخواستیں دینے والوں میں بانی رہنماء سعید احمد ہاشمی، جنرل سیکرٹری منظور احمد کاکڑ، اعجاز سنجرانی، سرفراز بگٹی، حسین اسلام ،دنیش کمار سمیت دیگر شامل ہیں،

پارٹی ٹکٹ وزیراعلیٰ جام کمال خان اور پانچ رکنی مشاورتی کونسل جاری کریں گے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلوچستا ن سے سینیٹ کی خالی ہونے والی 12نشستوں پر پارٹی میں 20جنوری تک امیدواروں سے درخواستیں وصول کیں گئیں جس کے دوران سینیٹ کی7جنرل نشستوں کے لئے پارٹی کے بانی رہنماء سعید احمد ہاشمی، جنرل سیکرٹری منظور احمد کاکڑ ،حاجی ولی محمد نور زئی، میر عبدالرئوف رند، اسفند یار کاکڑ ،آغا شکیل احمد درانی ، نور احمد بنگلزئی، پرنس احمد علی، ڈاکٹر نواز ناصر، سینیٹر سرفراز بگٹی، دوستین ڈومکی، خدابخش لانگو، عبدالفتح جمالی، میر مجیب الرحمن محمد حسنی، حسین اسلام، میر ظہور کھوسہ، یارمحمد لہڑی،نظرموسیٰ خیل سمیت 36امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں

جبکہ ٹیکنو کریٹ کی 2نشستوں کے لئے سعیداحمد ہاشمی، منظور احمد کاکڑ، ڈاکٹر نواز، عتیق الرحمن ، نوید کلمتی ،مصلح الدین مینگل سمیت 10امیدواروں کے درخواستیں جمع کروائی ہیں، خواتین کی 2نشستوں پر راحت فائق جمالی، ثمینہ ممتاز، ثمینہ خان، ہلناز مگسی سمیت 14خواتین جبکہ اقلیت کی ایک نشست پر دنیش کمار، روز اے جان، خلیل جارج، بسنت لعل کشن سمیت 10امیدواروں نے پارٹی سے ٹکٹ کے حصول کے لئے 50ہزار روپے کی فیس جمع کروا کر درخواستیں جمع کروائی ہیں،

پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں ٹکٹ جاری کرنے کا اختیار پارٹی صدر وزیراعلیٰ جام کمال خان اور پانچ رکنی مشاورتی کمیٹی جس میں صوبائی وزراء سردار محمد صالح بھوتانی، نوابزادہ طارق مگسی، پارٹی کے چیف آرگنائزر میر جان محمد جمالی، بانی رہنماء سعید احمد ہاشمی اور سینیٹر نصیب اللہ بازئی شامل ہیں کے پاس ہے ذرائع نے بتایا کہ امیدواروں کے انٹرویو کرنے کے بعد انہیں ٹکٹ جاری ہونگے تاہم اس حوالے سے اب تک پارٹی نے کوئی شیڈول طے نہیں کیا

توقع ہے کہ یہ عمل سینیٹ انتخابات کی تاریخ کو مد نظر رکھتے ہوئے فروری کے وسط میں شروع کیا جائیگا دوسری جانب پارٹی کے رہنماء اور امیدواروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ پارٹی صدر اور مشاورتی کمیٹی سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ میرٹ پر کریں گے انہوں نے کہا ہے کہ ایوان بالا کے لئے ایسے لوگوں کو چنا جائے جو باصلاحیت ہونے کے ساتھ ساتھ بلوچستان اور پاکستان کی سینیٹ میں بہتر نمائندگی او ر قانون سازی کے اہل ہوں۔