کوئٹہ: PPHI بلوچستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا27واں اجلاس پیرکے روزادارے کے ہیڈآفس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔جس کی صدارت PPHIبورڈ کے چیئرمین منیراحمد بادینی نے کی ۔ چیئرمین نے شعبہ صحت کے شعبے میں کامیابیوں سے متعلق دریافت کرتے ہوئے پی پی ایچ آئی انتظامیہ پرزوردیاکہ میرٹ اورشفافیت کو برقراررکھاجائے۔
چیئرمین نے شعبہ صحت خصوصاًدکی، جعفرآباد، گوادر،مستونگ اورواشک میںٹیلی ہیلتھ سروس کوسراہا۔اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے PPHI بلوچستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عزیز احمد جمالی نے بتایاکہ محدود وسائل کے باوجودپی پی ایچ آئی بلوچستان ٹریفک حادثات میں انسانی جانوں کے ضیاع کو کم کرنے کے لئے ریسکیو-1122 MERCپروجیکٹ کوچلارہی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ منصوبے کے تحت اب تک کوئٹہ کراچی اورکوئٹہ ژوب قومی شاہراہ پر14سینٹربنائے گئے ہیں جہاں ریسکیواہلکارجدیدآلات سے لیس ایمبولینسزکے ذریعے خدمات سرانجادے رہے ہیں ۔ انہوںنے مزیدکہا کہ منصوبے میںپی پی ایچ آئی بلوچستان کواب تک 50فیصدپیشرفت حاصل ہوئی ہے ۔اس موقع پربورڈآف ڈائریکٹرزنے کوئٹہ میں پی پی ایچ آئی بلوچستان کے دفترکی تعمیر کی منظوری دے دی ۔
اجلاس میں بورڈکے ممبران ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات عبدالصبورکاکڑ، ڈاکٹررشیدترین، روشن خورشید بروچہ، عرفان احمد اعوان، ایڈیشنل سیکریٹری صحت توقیر علی، ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ طارق عزیزلاسی سمیت کمپنی سیکریٹری پی پی ایچ آئی محمدرفیق رئیسانی بھی شریک تھے۔