کوئٹہ: بنگلزئی قبیلے کے سربراہ وسابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کی ریلی میںہونے والے دھماکے میںملک دشمن عناصر ملوث ہیں ، بھارت ہمارے ملک کیخلاف شروع دن سے برسرپیکار ہے، مذموم عزائم سے ہمارے حوصلے پست نہیںہوں گے ، کشمیری بھائیوں سے ہماری محبت اور تعاون جاری رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام سریاب روڈ پر واقع اپنی رہائش گاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے مزید کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہماری جانب سے کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی بحیثیت مسلمان ہمارا فرض ہے کہ اپنے بھائیوں کیساتھ کھڑے ہوں اسی جذبے کیساتھ کافی سارے لوگ ریلی میں شریک ہوئے۔
اور ریلی پرامن طریقے سے سریاب روڈ سے روانہ ہوئی ریلی میں شامل افراد کا جذبہ دیکھنے لاحق تھا ریلی جب انسکمب روڈ پہنچی اور قائدین نے خطابات شروع کئے تو اس دوران دھماکہ ہوا جس میں بنگلزئی قبیلے سے تعلق رکھنے والے دو افراد شہید اور تین افراد زخمی ہوئے ،انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے والے افراد میں سے دو کا تعلق بنگلزئی قبیلے سے اور ایک کا تعلق شاہوانی قبیلے سے ہے زخمی ہونے والے افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج صبح بلوچستان کے علاقے سبی میں بھی دھماکہ ہوا تھا لوگوں کو پتہ تھا کہ حالات خراب ہیں اس کے باوجود لوگوں کی کثیر تعداد میں ہماری ریلی میں شرکت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں کے نتیجہ میں کشمیر میں جاری تحریک زندہ ہے کشمیری عوام کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں ان پر صرف اس لیے مظالم ڈھائے جارہے ہیں کہ وہ پاکستان کا نام لیتے ہیں اور پاکستان کیساتھ الحاق چاہتے ہیں۔
اگر یہ خاموش ہوکر بیٹھ جائیں تو میں نہیں سمجھتا کہ انہیں کوئی تکلیف پہنچے ،انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں کے بدلے ہمارا حق بنتا ہے کہ ہم اگر اس جنگ میں ان کا ساتھ نہیں دے سکتے ہیں تو کم از کم ان کے حق میں احتجاج تو کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہونے والے بدقسمت واقعے میںہمارے کاروان میں شامل ساتھی شہید اور زخمی ہوئے ہیں ان کا غم بیان نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کی ریلی میںہونے والے دھماکے میںملک دشمن عناصر ملوث ہیں ، وہ عناصر جو کشمیر یوں پر مظالم ڈھارہے ہیں اور نہیں چاہتے کہ کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی جائے بالخصوص پاکستان میں بھار ت اور اس کی ایجنسیاں شروع دن سے برسرپیکار ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے سبی میں بھی دھماکہ ہوا ایسے مذموم عزائم سے ہمارے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے ہیں ۔
ان عناصر کو پیغام دینا چاہتاہوں کہ تمام تر مظالم کے باوجود جس طرح کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اوریہ تحریک زور پکڑ رہی ہے اسی طرح ہمارا تعاون بھی جاری رئیگا ، ہماری آواز کو دبانے کیلئے جنتی کوشش کی جائیگی یہ آواز اتنی ہی زور پکڑے گی۔ انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس غم میں پوری قوم ان کیساتھ شریک ہے۔
سردار کمال خان بنگلزئی نے کہا کہ دھماکہ کس نوعیت کا تھا اس کی تحقیقات ہورہی ہیں ، انہوں نے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے سے سیکورٹی تھریٹ موجود تھے تاہم سیکورٹی فورسز نے ریلی کی سیکورٹی کیلئے گزرگاہوں کو پہلے سے بند کیا تھا۔
ریلی میں لوگوں کی تعداد زیادہ تھی ، قبل ازوقت کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ دھماکہ خیز مواد پہلے سے ہی کسی گاڑی میں نصب کرکے ہماری ریلی میں شامل کی گئی یا وہیں پر ہوا، انہوں نے کہا کہ متاثرہ ٹرک ہماری ریلی کیساتھ ساتھ چل رہا تھااور ہمارے قافلے میں شامل تھا۔