|

وقتِ اشاعت :   February 17 – 2021

ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار میں منی پیٹرول پمپس مالکان نے انتظامی افسر پر پیٹرول پمپس کے یونٹس توڑنے اور مشینری لے جانے کے الزامات عائد کیے ہیں سابق رکن ضلع کونسل جعفرآباد غلام حسین بگٹی نے پیٹرول پمپس مالکان سلیم خان سلیمانخیل درک خان بگٹی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہمارے شریف شہریوں کو باعزت روزگار کرنے نہیں دے رہی ہے۔

بلاجواز منی پیٹرول پمپس کو سربمہر کرنے کے بعد انتظامی افسر نے پمپس پر پہنچ کر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ پمپس کے یونٹس توڑ دیئے اور یونٹس کے اندر لگی مشینری نکال کر لے گئے ہیں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامی افسر شریف شہریوں کو بیروزگار کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔

ہمارے پمپس کے ملازمین کو گرفتار کرکے لاپتہ کیا گیا ہے دو ملازمین نہ ہی پولیس تحویل میں ہیں نہ ہی انتظامیہ کی کسٹڈی انکا کوئی پتہ نہیں چل رہا ہمارے ساتھ سراسر ناانصافی کی جارہی ہے انتظامی افسر کی بلاجواز کارروائیوں کے خلاف عدالت عالیہ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔