|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2021

کوئٹہ: اہلسنت والجماعت اورسنی علماء کونسل بلوچستان کے صدر مولانامحمدرمضان مینگل نے ایران بارڈر پر سنی مزدوروں پر فائرنگ ایرانی فورسز کی فائرنگ اور انہیں بے دردی سے شہید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایران نے ہمیشہ پاکستان کے امن کو خراب کرنے کیلئے مزدوروں ،علماء اور تاجر برادری کو نشانہ بنایاہے ،فوری طورپر ایران سے سفیر کو احتجاجاََ واپس بلایاجائے ،بے گناہ سنی مزدوروں کو فی الفور معاوضے کی ادائیگی کیلئے حکومتی سطح پرا قدامات اٹھائے جائیں۔

پاکستان کو چاہیے کہ وہ ایران سے اس معاملے پر احتجاج کرے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ مولانامحمدرمضان مینگل نے کہاکہ گزشتہ روز ایران کی جانب سے بلوچستان کے مشرقی ومغربی علاقے حق آباد وگردونواح کے قریب بے گناہ سنی مزدوروں پر فائرنگ کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ،فائرنگ کے واقعہ میں بے گناہ مزدوروں کو شہید کیاگیاہے۔

اس طرح کے اقدامات سے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ،پاکستان کو چاہیے کہ وہ بے گناہ مزدوروں کی شہادت پر ایران سے احتجاج کرتے ہوئے ایران سے پاکستانی سفیر کو احتجاجاََ بلایاجائے تاکہ ہمسایہ ملک کے ساتھ اس معاملے کو بھرپورانداز میں اٹھایاجاسکے ،اس طرح کے واقعات سے غریب لوگوں میں خوف وہراس پایاجاتاہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں امن کو خراب کرنے کیلئے ہمسایہ ملک کی جانب سے ہمیشہ سے پرامن غریب مزدوروں ،علماء اور تاجر برادری کو نشانہ بنایاجاتاہے اگر حکمران اس پر صحیح معنوں میں آواز بلند نہیں کرینگے تو یہ سلسلہ چلتارہے گا۔