|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2021

کوئٹہ :سبی کے سالانہ تاریخی و ثقافتی میلے کا افتتاح 4مارچ اور اختتامی تقریب 8 مارچ کو منعقد ہوگی ، اس کا فیصلہ صوبائی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بلال احمد جمالی کی زیر صدارت سبی کے سالانہ تاریخی و ثقافتی میلے کے انتظامات سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری لائیو سٹاک محمد طیب لہڑی، صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ احمد رضا خان، سپیشل سیکرٹری فنانس لعل جان جعفر، اے آئی جی آپریشنز پرویز عمرانی، ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد نور کھیتران اور دیگر شریک ہوئے ۔ سبی میلے میں بلوچستان میں پیدا ہونیوالے مختلف اقسام کے فروٹ اور زراعی نمائش بھی شامل ہیں۔ بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں سے اعلی نسل کے مال مویشی میلے میں لائے جاتے ہیں۔میلے میں صوبے کی زراعت اور شعبہ مالداری کی اہمیت کو اجاگر کیا جائیگا۔سبی میلے میں عوامی دلچسپی کیلیے چراغاں اور آتش بازی کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔میلے میں محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان کی قدیم تاریخی اور صوبے کی مختلف علاقوں کی ثقافت اور حکومت کی کارکردگی بارے تصویری نمائش کا انعقاد کررہا ہے۔