کوئٹہ: ڈیلی نیوز پیپرزایڈیٹرکونسل بلوچستان کا اجلاس زیرصدارت صدرانورساجدی دوسرے روز بھی منعقد ہوا اجلاس میںاس امر پر سخت تشویش کااظہار کیا گیا کہ بلوچستان میں صوبائی حکومت نے بوجہ محکمہ اطلاعات اوراس سے متعلق معاملات کو طویل عرصے سے نظرانداز کر رکھا ہے خاص طورپرپرنٹ میڈیا سے انتہائی بے اعتنا ی اختیار کررکھی ہے جس کی وجہ سے مسائل سے دوچارپرنٹ میڈیا نہ صرف شدید بے زبوں حالی کا شکارہے۔
بلکہ وہ ایک طرح سے آکسیجن ٹینٹ میں ہے اسکے ساتھ ہی یہ بات بھی افسوسناک ہے کہ بلوچستان کے نامور چیدہ چیدہ اورپڑھے جانے والے اخبارات کوسرکاری اشتہارات کے اجراء میں نظرانداز کیا جارہاہے جبکہ اسکے مقابلے میں غیر معروف اورغیرمستحق اخبارات کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کما ل عالیانی سے اپیل کی گئی کہ وہ محکمہ اطلاعات خاص طور پر تعلقات عامہ بلوچستان کے معاملات میں ذاتی دلچسپی لیں اور اشتہارات کے منصفانہ اجراء کو یقینی بنائیں کیونکہ غیر متوازن پالیسی سے حکومت کی پبلسٹی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔
اجلاس میں مزید کہا گیاکہ ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرکونسل کا یہ دیرینہ مطالبہ ہے کہ صوبے میںایک متوازن میڈیا پالیسی بنائی جائے جس کے تحت سرکاری اشتہارات میرٹ پر جاری کئے جائیں اجلاس میں حاجی خلیل(جنگ)،رضاالرحمن (ایکسپریس)،انور نا صر (بلوچستان نیوز)،نادر حسین زمرد(ہمت)گلریز (باخبر)اورصادق بلوچ (آزادی) نے شرکت کی۔