|

وقتِ اشاعت :   February 28 – 2021

کو ئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سینیٹرحافظ حمداللہ نے کہاہے کہ جمہوریت کو ہائی جیک کرنے والے ملک میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دیتے ، آمریت کے دست راست بننے والے لوٹے جمہوری نظام کے استحکام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں وقت آچکا ہیں کہ ان جدی پشتی لوٹوں کو سیاسی جماعتوں سے باہر پھینکا جائیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ تعلیم القرآن ہارون آباد کراچی میں منعقدہ سالانہ دستار فضیلت و عظمت قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس سے جمعیت علمااسلام کے رہنما مولانا قاری محمد عثمان مولانا احسان اللہ فاروقی اور دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا حافظ حمداللہ نے کہاکہ جمہوریت کے لباس میں آمریت قبول نہیں بند کمروں میں اقتدار کی بندر بانٹ عوامی رائے کی توہین اور آئین شکنی ہیں۔

عوام کے غیر منتخب لوگوں کو زبردستی مسلط کرنے کی وجہ سے ملک بحرانوں اور مشکلات کا شکار ہوچکاہیں انہوں نے کہاکہ حکومت کاسینٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کے استعمال کا مقصد شفافیت نہیں بلکہ اپنے من پسند افراد کو سینٹ تک پہنچانا ہیں ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ منافقت سے ممکن نہیں۔