|

وقتِ اشاعت :   February 28 – 2021

کراچی: بلوچ سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز دوسرے مرکزی کونسل سیشن کے حوالے سے ہونے والی مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں سیشن کا مقررہ تاریخ طے پایا ہے. تنظیم کا دوسرا مرکزی کونسل سیشن بنام سابق وائس چیئرمین فیروز بلوچ بیاد شہید پروفیسر رزاق بلوچ, سنگت الیاس بلوچ 26, 27 اور 28 مارچ کو کراچی منعقد کیا جائے گا.
انھوں نے کہا کہ بلوچ سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ایک منظم طلبا تنظیم ہے جس کی بنیادیں ایک محکم نظریے اور آئین میں پیوست ہیں. تنظیم نے اپنے قیام سے لیکر آج تک تمام جمہوری اقدار کی پیروی کرتے ہوئے ہمیشہ ہی تنظیمی ساخت میں آئین کو برتر جانا ہے. تنظیمی آئین کے رو سے تنظیم ہر دو سال بعد اپنا مرکزی کونسل سیشن منعقد کرتی ہے اور اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے تنظیمی ساخت کو دوسال کا دورانیہ پورا ہونے پر تنظیم کی جانب سے دوسرے مرکزی کو نسل سیشن کا اعلان کیا گیا ہے.
انھوں نے مزید کہا کہ مرکزی کونسل سیشن کو کسی بھی سیاسی ادارے کی روح رواں کے طور پر جانا جاتا ہے. بلوچ طلبا تنظیموں کی تاریخ پر اگر نظر دوڑائی جائے تو یہ حقیقت آشکار ہوتی ہے کہ تنظیموں کی فعالیت اور سرگرمیوں کے تسلسل میں مرکزی کونسل سیشن نے ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے. مرکزی کونسل سیشن کے منعقد نہ ہونے کے سبب تنظیمیں غیر فعالیت, دھڑا بندی اور پرشت و پروش کا شکار ہوئی ہیں. لہذا بلوچ سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی تنظیمی سرگرمیوں میں خلل کے منفی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکزی کونسل سیشن ترجیحی بنیادوں پر معینہ وقت پر منعقد کرتی ہے.
اپنے بیان کے آخر میں انھوں نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے گزشتہ ماہ ہونے والے پریس کانفرنس میں دوسرے مرکزی کونسل سیشن کا اعلان کیا گیا تھا اور گزشتہ روز ہونے والے مرکزی اجلاس مرکزی کونسل سیشن کا تاریخ طے پایا ہے. تنظیم کا دوسرا مرکزی کونسل سیشن 26, 27 اور 28 مارچ کو کراچی میں منعقد کی جائے گی. دوسرے مرکزی کونسل سیشن کے اولین دو روز بند کمرہ اجلاس ہوگی جس میں مختلف ایجنڈوں کو زیر بحث لا کر آئندہ لائحہ عمل طے پایا جائے گا جبکہ مرکزی کونسل سیشن کے تیسرے اور آخری روز حلف بردار تقریب منعقد کی جائے گی اور ساز ءُ زیملی دیوان کا انعقاد کیا جائے گا.