|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2021

کراچی: تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی نے اپنے باغی اراکین کی پٹائی کردی۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس جاری تھا کہ اس دوران تحریک انصاف کے تین باغی ارکان کریم بخش گبول، شہریار شر اور اسلم ابڑو ایوان میں پہنچے اور حاضری لگائی، حکومتی اراکین نے تینوں ایم پی ایز کا استقبال کیا جس پر پی ٹی آئی اراکین آگ بگولہ ہوگئے۔

سندھ اسمبلی میں باغی ارکان کے آنے پر پی ٹی آئی کے پہلے سے موجود اراکین نے شور شرابا شروع کردیا اور آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، پی ٹی آئی اراکین نے باغی اراکین کی خوب پٹائی لگائی جس پر پیپلزپارٹی اراکین بیچ بچاؤ کے لیے آگئے۔

بعد ازاں اسپیکر نے ایوان میں ہلڑ بازی کے بعد اجلاس کل تک ملتوی کردیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے لیے جمع ہوئے تو اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور صحافیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد وہ میڈیا سے گفتگو نہیں کرسکے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ان تین اراکین نے سینیٹ الیکشن میں پارٹی کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

ان کا الزام ہے کہ گورنر ہاؤس میں امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹ بانٹے گئے، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان اور فردوس شمیم نے ان کے اغوا کا دعویٰ کیا تھا جس پر ان تینوں اراکین کی گزشتہ روز ویڈیو سامنے آئی۔