کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام پر عمل درآمد کے لئے قابل عمل حکمت عملی مرتب کی گئی ہے بلوچستان ہیلتھ کئیر کمیشن کا قیام صوبے میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی میں غیر معمولی پیش رفت ثابت ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے عالمی پروگرام برائے صحت اور عالمی تنظیموں کے مشترکہ مشن بعنوان یونیورسل ہیلتھ کوریج سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ ورٹیکلز پروگرامز کے سربراہان اور عالمی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں غریب افراد کو سرکاری سطح پر صحت کی معیاری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے خصوصی پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان کی بڑی نجی اسپتالوں میں موذی امراض کا علاج معالجہ حکومت بلوچستان کے اخراجات سے کیا جاتا ہے۔
کوئٹہ اور صوبے کے دور افتادہ مراکز صحت کے پیرا میڈیکس اسٹاف کو پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے لئے دیگر صوبوں میں بھیجوایا جاررہا ہے تاکہ طبی شعبے میں ٹرینڈ افرادی قوت کو بڑھایا جائے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے عالمی مندوبین کو آگاہ کیا کہ اندرون بلوچستان صحت کے شعبے میں درپیش مسائل اور مشکلات کی نشاندہی اور حل کے لئے انتظامی افسران کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
اور ہم ڈویڑنل کمشنرز سے قریبی رابطے میں ہیں انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں غیر سرکاری اداروں کی معاونت قابل ستائش ہے جبکہ صحت کے شعبے میں مزید بہتر اقدامات کو خوش آمدید کہیں گے پارلیمانی سیکرٹری صحت بلوچستان ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ڈویلپمنٹ پارٹرنرز کو یقین دلایا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کو موثر بنانے کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اندرون بلوچستان ڈسٹرکٹ ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم کو فعال بنایا جارہا ہے جس سے طبی حکمت عملی کی تشکیل میں مدد ملے گی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت بلوچستان نورالحق بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں اصلاحات اور بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل کو جامع حکمت عملی اور بہتر منصوبہ بندی کے تحت بروئے کار پاررہی ہے۔
وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان اور پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی رہنمائی میں صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ طبی تعلیم کے فروغ کے لئے صوبے میں نئے میڈیکل کالجز قائم کئے گئے ہیں جبکہ دور دراز علاقوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایسے منصوبے تشکیل دئیے گئے ہیں ۔
جن کا فائدہ براہ راست عام آدمی کو ہوگا سیکرٹری صحت بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کو موثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون و معاونت کو یقینی بنایا جائے گا ۔