|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2021

کوئٹہ: ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں میں رابطوں کا سلسلہ اور جماعتوں کی جانب سے اپنے نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لیے کوششیں جمہوری عمل کا حصہ ہے۔ جمہوری عمل باہمی افہام و تفہیم، رواداری اور اخلاص کا درس دیتے ہوئے معاشرے میں عوامی فلاح وبہبود کے مفاد میں فیصلہ سازی کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند کے صاحبزادے سردار خان رند اور میر اسرار اللہ زہری بلوچستان عوامی پارٹی کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں جو کہ آزاد حیثیت سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج اس نظریے کو تقویت ملی کہ حکومت میں شامل اتحادی جماعتیں ایک صفحے پر ہیں جو اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ مخلوط حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں کا بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان پر بھرپور اعتماد اور صوبے کے لیے ان کی کاوشوں کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے سینٹ کی جنرل نشست پر نامزد امیدوار محترمہ ستارہ ایاز کا دستبردار ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے بلوچستان عوامی پارٹی تمام تر فیصلوں میں عوامی خواہشات اور امنگوں کو مقدم رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ ستارہ ایاز پارٹی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گی اور ان کی بی اے پی سے وابستگی قائم رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل تمام جماعتیں سینٹ انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیتے ہوئے کامیابی اور فتح حاصل کرے گی۔