کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان معاشی امکانات کی سرزمین ہے، گوادر سے منسلک نئے سلک روٹ کے باعث یہ خطہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور نئی مارکیٹوں کی تلاش کیلئے ایک گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، اپنے دفتر میں تاجروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے کئی اہداف حاصل کئے ہیں۔
صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو آسان بنا دیا گیا ہے اوراس میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں،انہوں نے سرمایہ کاروں کو وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئی کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہاہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ کاروباری طبقات صوبے میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات، ماہی گیری، ٹریڈ اینڈ ٹرانسپورٹیشن، سیاحت، صنعت، لائیو اسٹاک، زراعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں۔