|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2021

کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری محکمہ صحت ڈاکٹررُبابہ خان بلیدی سے ہفتہ کو صوبائی صدر ڈاکٹرآفتاب کاکڑ کی قیادت میں ملاقات کی وفد میں صوبائی سینئر نائب صدرڈاکٹر احمد ولی، اور سیکرٹری مالیات ڈاکٹر نسیم کٹکیزئی شامل تھے۔

ملاقات میں پی ایم اے بلوچستان کے وفد نے محکمہ صحت میں اصلاحات کے لیے چارٹر آف ڈیمانڈ پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹررُبابہ خان بلیدی کو پیش کی۔ملاقات میں چارٹر آف ڈیمانڈپر تفصیلی گفتگو ہوئی اور محکمے کے وسیع تر مفاد میں باہمی مشاورت سے اقدامات پر غور کیا گیا۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے چارٹر آف ڈیمانڈ پر سنجیدگی سے غور کی یقین دہانی کراتے ہوئے درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے فیصلہ ساز فورم پر معاملات کو اٹھانے کا یقین دلایا ۔ پی ایم اے بلوچستان نے پارلیمانی سیکریٹری صحت کو محکمے کی بہتری، ڈاکٹروں کے مفاداور مریضوں کو بہتر علاج معالجے کی فراہمی کیلئے اجتماعی نوعیت کے مستقل بنیادوں پر کئے جانے والے اقدامات کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

پارلیمانی سیکریٹری صحت نے پی ایم اے وفد کو بتایا کہ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ کے نفاذ اور عمل درآمد سے پی ایم اے کی اکثر تجاویز پر عمل درآمد ممکن ہو جائے گا۔ پی ایم اے وفد نے پارلیمانی سیکرٹری صحت کو ڈاکٹروں کے اجتماعی اور انفرادی سطح پر عرصہ دراز سے زیر التواء امور کا جائزہ لیکر ان کے حل کے لئے احکامات کے اجراء کی درخواست کی۔