|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہاہے کہ جمعیت علما اسلام کے مرکز ی مجلس عمومی کا اجلاس سکھر میں ہوگا جس میں ملکی کی سیاسی صورتحال اور سینیٹ انتخابات کے بعد صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، سلیکٹڈ وزیراعظم کو پہلے تسلیم کیا ہے اور نہ ہی آئندہ تسلیم کریں گے ،پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینا خود پر عدم اعتماد کا اظہار کرنا ہے۔

اب پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف کب اور کہاں عدم اعتماد کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر پہنچنے پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جب سے سلیکٹڈ کو اقتدار حوالے کیاگیا ہے تب سے ملک بحرانوں کے دلدل میں دھنستا جارہا ہے اور ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ، ملک قرضے تلے ڈوب چکا ہے۔

آج حالت یہ ہے کہ غریب کی قوت خرید جواب دے گئی ہے یہی وجہ ہے کہ آج وہ ملک اور عوام پر بوجھ بن چکے ہیں۔ جمعیت علما اسلام کے مرکزی مجلس عمومی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں جس طرح سلیکٹڈ حکمرانوں کو شکست سے دوچار کیا ہے اسی طرز پر 26مارچ کو لانگ مارچ کرکے عوام اپنا فیصلہ دے گی اور سلیکٹڈ کو گھر بھیج دیں گے ۔