|

وقتِ اشاعت :   March 9 – 2021

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے کہا ہے کہ حکومتی انتظام میں تمام ماتحت اور اعلی اہلکار مل جل کر عوامی خدمت کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہیں آپ سب اہلکار اراضی خداوندی پہ عوام کے حقوق کے امانت دار ہیں آپ کی بدولت عوام کی خواہشات عملی طور پر ظہور پزیر ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سول سیکرٹریٹ اسٹاف ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اہلکار نظام حکومت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اپنے اپنے خاص شعبہ جات میں رہتے ہوئے بھی ایک زنجیر کی کڑیوں کی طرح جڑے ہوئے ہیں اور مجموعی طور پر حکومتی ترجیحات کا عکس ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کی عمدہ کارکردگی نہ صرف سیاسی و سرکاری مشینری کی نیک نامی کا باعث بنتی ہے بلکہ عوام کے دلوں میں قدر و منزلت کو جنم دیتی ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اس امر کا بخوبی ادراک ہے کہ ملازمین کے مسائل کے حل کی طرف ہر ممکن کوشش کی جائے۔

اور ممکنہ حد تک تنخواہوں میں کمی کے مسائل بھی حل کیے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے تمام ملازمین سے بھی یہ امید کرتی ہے کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے اور صلاحیت، امانت و دیانت اور سماجی بہبود کے ان اعلی اصولوں پر عمل پیرا ہوں گے ۔

جو تاریخی طور پر فلاحی ریاست کے کارندوں کا خاصہ رہا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں صوبہ میں ایک صاف ستھری قابل اعتماد اور عوامی خدمت کے جذبے سے سر شار سول سروسز اولین ترجیح ہے۔

امید ہے کہ آپ اس کوشش میں صوبائی حکومت کا ساتھ دیں گے تاکہ سرکاری ملازمین پر عوام کا اعتماد بحال ہو سکے اور وہ اپنے مسائل کے حل کیلیے آپ کے پاس آئے اور وہ مسائل حل بھی ہوں۔ اس مسئلے میں صوبائی حکومت کو آپ سے تعاون کی ضرورت ہے۔