|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2021

نوشکی: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے محکمہ مواصلات وتعمیرات وایم پی اے بابومیرمحمدرحیم مینگل سے ان کی رہائش گاہ پر علاقے کے مختلف طبقہ فکرسے تعلق رکھنے والے وفودنے ملاقات کیا اور محکمہ بی آینڈآر’’ون‘‘کے ترقیاتی اسکیموں میں غیرمعیاری مٹیریل استعمال کرنے پر شکایات کئے۔

وفود سے بات چیت کرتے ہوئے ایم پی اے نوشکی نے کہاہے کہ محکمہ بی اینڈ آر ون کے ایکسیئن کے زیرنگرانی جاری کروڑوں روپے مالیت سے بننے والی شاہراہوں کی تعمیر میں حددرجہ غیرمعیاری مٹیریل استعمال کیاجارہا ہے،ضلع نوشکی میں اس وقت کروڑوں روپے مالیت سے قادرآبادٹو زاروچاہ شاہراہ وبائی پاسز کے کام ودیگر ترقیاتی اسکیموں پرکام جاری ہے ،قادرآباد ٹوزاروچاہ شاہراہ پر ابتدامیں معیاری کام کیاگیا۔

لیکن چند کلومیٹرکے بعدانتہائی غیرمعیاری کام ہورہاہے جس کی وجہ سے نہ صرف میں بذات خودبلکہ پورے حلقے کا عوام شاہراہوں پر ہونے والے غیر معیاری کام کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں اور اپنے تحفظات کابرملااظہار کررہے ہیں ،میں بھی ان کے جاری ترقیاتی اسکیموں سے مطمئن نہیں ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ بی آینڈ ’’ون‘‘روڈ کے ایکسین ترقیاتی اسکیموں کا فرضی دورہ کررہاہے۔

کیونکہ ان کے دوروں کے باوجود اس ترقیاتی کاموں میں کوئی معیارو پروگریس دکھائی نہیں دیتا اور غیر معیاری ترقیاتی کاموں کا سلسلہ اسی طرح جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ضلع نوشکی پہلے سے ہی پسماندگی کاشکار ہے کئی سالوں مدتوں بعد قادرآباد ٹوزاروچاہ ویگربائی پاسز کی تعمیر و ترقی کے لئے فنڈزمنظور کرانے میں بڑی مشکلات پیش آئیں۔

اور اس کا مقصد دیہی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کی سفری مشکلات و مصائب میں کمی لایا جانا تھا مگربدقسمتی سے کروڑوں روپے مالیت کے اسکیمات منظم منصوبہ بندی کے تحت غیرمعیاری کام کراکے کرپشن کی نذر کیا جارہا ہے جس کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے ۔