کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی خواتین سیکرٹری یاسمین لہڑی نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی کے خواتین کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے تنظیمی صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہوگا۔تاکہ وہ دیگر خواتین کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ان کو سیاسی عمل کا حصہ بنانے کیلیے کردار ادا کرسکے۔
اس لیے کوئٹہ میں تنظیم کاری کا آغاز کرکے خواتین کو سیاسی طور پر مضبوط کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی ممبر نیاز بلوچ، صوبائی ریسرچ سیکرٹری عبید لاشاری،ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض زہری ضلعی رابطہ سیکرٹری حاجی نعیم بنگلزئی موجود تھے۔
نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں موجود غیر سیاسی عناصر کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مرد و زن دونوں کو سیاسی عمل میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔سیاسی عمل ہی نہ صرف خواتین اور سماج بلکہ ملک کی بقاء کی ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین سیاسی شعور سے روایتی و فرسودہ نظام کے خاتمہ کرسکتے ہیں۔ نیشنل پارٹی خواتین کو با اختیار و با وقار بنانے کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔نیشنل پارٹی کوئٹہ خواتین کی تنظیم کاری کا عمل میں تعاون کریں۔تاکہ پارٹی کو فعال و متحرک بنایا جاسکے۔