اسلام آباد: بلو چستان عوامی پارٹی کے صدر ووزیر اعلیٰ بلو چستان جام کمال خان نے چیئرمین سینٹ کیلئے صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے مرزا محمد آفریدی کی نامزدگی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج جمعہ کا دن ایک نئی نوید لائیگا، ہم پر امید ہیں،آنے والے وقتوں میں چیزیں مزید بہتر ہو گی، ملک کے لئے سب کو ایک ہونا ہوگا، ہم صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
وہ جمعرات کو چیئرمین سینٹ کے امیدوار صادق سنجرانی، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ بلوچستان کو ایک مرتبہ پھر سینٹ کی چیئرمین شپ کا موقع ملے گا، پاکستان کے وہ صوبے جو ترقی کے لحاظ سے دوسرے صوبوں کے مقابلے میں پیچھے ہیں، ان صوبوں سے ایوان میں اراکین کی نامزدگیاں ایک اچھی نوید ہے۔
قومی اسمبلی میں بھی ڈپٹی سپیکر کے عہدہ پر بلوچستان کی نمائندگی ہے، بلوچستان پرامید ہے کہ آنے والے وقتوں میں چیزیں مزید بہتر ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان کی پسماندگی اور محرومیوں کو دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان سب ہم خیال اتحادیوں کے شکر گزار ہیں جو بلوچستان کی ایوان میں نمائندگی اور بلوچستان کے لئے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آج سب سے بڑی ضرورت اتحاد کی ہے۔
اپوزیشن ہو یا حکومت، ہم سب کو متحد ہو کر ملک کی استقامت، ترقی، معاشی خوشحالی کیلئے کام کرنے کے ساتھ ساتھ آنے والے چیلنجزسے نمٹنے کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونا چاہیے، آج پاکستان کو یکجہتی اور استقامت کی ضرورت ہے، آپس میں اختلافات سب کے ہو سکتے ہیں لیکن ہماری وابستگی اس ملک کے ساتھ ہے، اسی وابستگی کو دیکھتے ہوئے ہمیں ملک کی بہتری کے لئے ایک نئے کل کا آغاز کرنا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن کے حوالے سے میرا رابطہ نیشنل پارٹی، بی این پی مینگل، جے یو آئی (ف)سے بھی ہوا، عوامی نیشنل پارٹی بھی ہمارے ساتھ ہیں اور آزاد امیدواروں کے ساتھ بھی ہمارا رابط ہوا، ہم نے ان سب کے سامنے یہ بات رکھی کہ چیئرمین سینٹ کے لئے بلوچستان کی نمائندگی کی حمایت کریں۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان تحریک انصاف اور دیگر اتحادی جماعتوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی پر اعتماد کیا اور سینٹ کی چیئرمین شپ کے لئے بی اے پی کے صادق سنجرانی کو نامزد کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے لئے اراکین صحیح فیصلہ کریں گے۔
صادق سنجرانی کو جب پہلے بھی چیئرمین سینٹ کے لئے نامزد کیا گیا تھا تو ہمارا سب سے یہی مطالبہ تھا کہ بلوچستان کے ساتھ کھڑے ہوں، بلوچستان ایک چھوٹا اور پسماندہ صوبہ ہے اور فیڈریشن میں بلوچستان کی نمائندگی ضروری ہے۔