|

وقتِ اشاعت :   March 12 – 2021

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے صدرو سابق صوبائی وزیر جعفرجارج اور پیپلز لیبربیورو کے رابطہ سیکرٹری اکرم گل نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بے نظیر ہاوسنگ اسکیم کلی کوتوال کی زمین پرلینڈ مافیا کے قبضے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

بصورت دیگر پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ ملکرسخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔یہ بات انہوں نے مسیح قوم کی جانب سے بے نظیر ہاوسنگ اسکیم کلی کوتوا ل کی زمین پر قبضے کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دوراقتدار میں مسیحی قوم کو گھروں کی فراہمی کیلئے کلی کوتوال میں بے نظیر ہاوسنگ اسکیم شروع کی اب لینڈ مافیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں رات کی تاریکی میں مسیحی قوم کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی اور ہاوسنگ اسکیم کی 15سال پہلے تعمیر کی گئی چار دیواری اورایک غریب خاتون کے گھر کو مسمار کردیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ غیر سنجیدہ صوبائی حکومت اقلیتوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے حکومت کی سرپرستی میں غریب مسیحی عوام کی زمینوں پرقبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر پولیس نے فوری طور پر لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائی اور مسیحی عوام کو تحفظ دینے کیلئے اقدامات نہ اٹھائے تو پاکستان پیپلز پارٹی اپنے مسیحی عوام کے ساتھ ملکر موجودہ حکمرانوں کے خلاف سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔