کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے ایک بار پھر دن کی روشنی میں ہمارے ووٹ چرائے ہیںجس سے انکے مکروہ چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں ۔
پریذائیڈنگ آفیسر نے جانبداری کا ثبوت دیتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی کے 7ووٹ مسترد کئے پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم اس پریذیڈانگ آفیسر کے اقدام کو ہرقانونی فورم پر چیلنج کریگی۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سینٹ کے چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کے انتخابات میں حکومت نے اپنے امیدواروں کو کامیاب کرنے کیلئے غیرقانونی اورغیرآئینی ہتھکنڈے استعمال کئے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سینیٹرز جب حکومت کی دھونس دھمکیوں میں نہیں آئے تو انہوں نے پریذائیڈنگ آفیسر کے ذریعے پی ڈی ایم کے امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کے 7ووٹوں کو مستراد کروا کر صادق سنجرانی کو غیرقانونی اورغیرآئینی طریقے سے کامیاب کرایا۔
جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو 49 ووٹ ملے اور اس طرح یوسف رضا گیلانی جیت چکے ہیں اور صادق سنجرانی واضح طور پر ہار چکے ہیں۔
لیکن انکی واضح شکست کو دھاندلی کے ذریعے انکی جیت میں تبدیل کیا گیا جسے ہم کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سید یوسف رضا گیلانی کے مسترد کئے جانے والے 7ووٹوں کو ہرقانونی پلیٹ فارم پر چیلنج کرے گی۔