کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر علی مددجتک نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں جس طرح دھاندلی کی گئی ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات کو یکسر مسترد کرتی ہے اب وقت آگیا ہے کہ سلیکٹڈحکمرانوں کے خلاف جلد ازجلدلانگ مارچ کیا جائے کیونکہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے سلیکٹڈ حکمرانوں کا خاتمہ ضروری ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین اور مستونگ سے آئے ہوئے پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری سوچ پر یقین رکھتی ہے مگر اس طرح ملک میں جمہوری سوچ کو ختم کرنے کے لئے غیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں یہ اب ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے اور ان حالات کو مقابلہ کرنے کیلئے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو جدوجہد کرنے ہوگی۔
ورنہ حالات مزید خرابی کی طرف جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں جس طرح خفیہ کیمرے برآمد ہوئے اور جس طرح یوسف رضا گیلانی کو ہرانے میں سلیکٹڈ حکمرانوں نے جس انداز میں دھاندلی کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ،انہوں نے کہاکہ حکمران صرف اور صرف اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے ڈرامہ رچارہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے جو کردار اداکیا ہے اور قربانیاں دی ہے یہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔