خضدار: بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے قائد سابق وفاقی وزیر میر اسرارا للہ خان زہری سے ان کی رہائشگاہ کراچی میں بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) خضدار کے سینئر رہنماء چیف یاسر بلوچ ، بی این پی (عوامی) خضدار کے جنرل سیکریٹری صدام بلوچ کی ملاقات ، ملکی صوبائی اور علاقائی سیاسی موضوعات پر گفت و شنید ملاقات کے دوران موجودہ ملکی صورتحال پر ایک دوسرے کے خیالات کاتبادلہ بھی ہو ا۔
اس موقع پر بی این پی (عوامی ) کے قائد سابق وفاقی وزیر میر اسراراللہ خان زہری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاست کے گردو پیش سے بخوبی آگاہ اور اس کا تجربہ رکھتے ہیں ہم عوام کی خاطر اسی لائن اور منزل کا انتخاب کرچکے ہیں کہ جس میں عوام کی ترجمانی اور ان کی نمائندگی بہتر انداز میں ہو ، سنجیدہ اورذمہ دارانہ سیاست کی پیروی اور سیاست عوام کے وسیع تر مفادات کے تابع ہو، نیک نیت ہونا اور اخلاص و سچائی کسی بھی سیاسی جماعت کی پہچان ہوا کرتی ہے۔
، عوام کی نگاہیں اسی سیاسی جماعت پر مرکوز رہتی ہیں کہ جس کا منشور حقیقی معنوں میں عوام کے وسیع تر مفادات سے مزین و مرتب شدہ ہو ۔سابق سینیٹر میر اسراراللہ خان زہری کاکہنا تھاکہ بی این پی (عوامی) بلوچستان کے عوام کے امنگوں کی ترجمان جماعت ہے ، صوبے میں ہماری جماعت کے رہنماء او رورکرزتک ہر فرد کی رسائی ممکن ہے ، ہم نے ہمیشہ روزِ روشن کی طرح عیاں سیاست کو فروغ دیتے رہے۔
نہ کسی کی بیساکھیوں کا سہارا لیا اور نہ ہی ہماری جماعت نے اس کی ضرورت محسوس کی۔بلکہ ہمیشہ بلوچستان کے عوام کی رہنمائی اور انہی کے مقاصد و مفادات کی خاطر سیاست کی اور سیاسی کاز کو آگے بڑھاتے رہے ، ہمارے ارادوں میں کبھی بھی تزلزل نہیں آیا یہی ہماری سیاست کا طرہ امتیاز ہے جوآئندہ بھی اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہیگا۔