|

وقتِ اشاعت :   March 15 – 2021

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت رواں مالی سال 21-2020 کے ترقیاتی بجٹ پر پیش رفت اور آئندہ مالی سال 22-2021 بجٹ کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالصبور،سیکرٹری خزانہ پسند خان بلیدی، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری زاہد سلیم اور سیکرٹری اطلاعات سہیل الرحمان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو سیکرٹری خزانہ نے رواں مالی سال کے بجٹ سے متعلق کل اخراجات، وفاقی ٹرانسفر، صوبائی محصولات،غیر ترقیاتی اخراجات،فارن فنڈڈ پروجیکٹس،صوبائی آمدن، درپیش چیلنجز، آئندہ مالی سال 22-2021 میں بہتری کے لیے تجاویز و سفارشات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے کی ہمہ جہت ترقی اور تمام اضلاع کی یکساں خوشحالی کے لئے ایک جامع اور منظم ترقیاتی بجٹ کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بھی عوام دوست اور صوبے کی پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے احسن انداز سے ترتیب دیا جائے گا تاکہ مجموعی طور پر اس کے مثبت اور دوررس نتائج سے صوبے کی عوام مستفید ہو۔