پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہےکہ کتےکےکاٹنے کی وجہ سے فریال تالپور کی اسمبلی کی رکنیت معطل کرنےکا حکم قابل تشویش ہے۔
ایک بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کیا وزیراعظم کے حلقے میں ایسے واقعات ہونے پر ان کو معطل کرنے کا حکم ہوگا ؟
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کے تقدس کا خیال کیاجائے،کوئی رکن اسمبلی نہیں چاہتا اس کے حلقے میں ایسے واقعات ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2020 میں پنجاب کے 90 ہزار لوگ کتےکےکاٹنےکا شکار ہوئے، اس وقت کسی نے مطالبہ نہیں کیا کہ وزیراعلیٰ یا رکن پنجاب اسمبلی کی رکنیت معطل کی جائے۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عدالت فریال تالپور کے خلاف اس فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور سمیت 2 ایم پی ایز کی رکنیت معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہےکہ ایم پی اے رتو ڈیرو اور جامشورو کی رکنیت معطل کی جائے اور الیکشن کمیشن ان اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا حکم جاری کرے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ارکان اسمبلی حلقے کے لوگوں کوسہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، دیگر اضلاع میں بھی ممبر سندھ اسمبلی کی رکنیت معطل کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ عدالت نے سیکرٹری سندھ اسمبلی سے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر وضاحت طلب کرلی۔
رتو ڈیرو سے آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور رکن اسمبلی ہیں جب کہ جامشورو سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گیان چند اور ملک سکندر رکن اسمبلی ہیں۔