پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے سابق پائلٹ عدنان زوریز نے یونیفارم پہن کر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ سابق پائلٹ عدنان زوریز نے اسلام آباد میں پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ عدنان زوریز کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے ساتھ بطور پائلٹ 18 سال تک کام کیا، دسمبر 2020 میں رضاکارانہ اسکیم کے تحت پی آئی اے سے ریٹائرمنٹ لی، 31 جنوری تک تمام واجبات ادا کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا جو اب تک پورا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ گھر کے یوٹیلٹی بلز اور ادویات تک خریدنے کے پیسے نہیں جس پر پی آئی اے انتظامیہ سے پراویڈنٹ فنڈ کا کم سے کم حصہ بھی جاری کرنے کا کہا لیکن وہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔
عدنان زرویز کے مطابق احتجاج کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے رابطہ کرکے آئندہ پیر تک معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔